مظفر پور۔ کسی غریب کی، کسی معذور کی خدمت اگر آپ کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے
کہ اس کا اجر خدا دیتا ہے لیکن اس زمانے میں یہ جذبہ انسانیت سماج میں کم
ہوتا جا رہا ہے۔ لیکن اسی سماج کے درمیان کچھ لوگ ابھی بھی ایسے ہیں جو
خدمت خلق کو مسلسل جاری رکھے ہیں۔ انہیں میں سے ایک نام ڈاکٹر شمیم احمد کا
بھی ہے۔ بہار کے مظفرپورمیں ٹنکی شاہ ہومیوپیتھی میڈیکل کالج کے ایسوسی
ایٹ پروفیسرڈاکٹرشمیم احمد نے ان دنوں معذوربچوں کوذاتی طورپرمفت طبی
سہولتیں مہیا کرانے کی مہم چلا
رکھی ہے۔ اس مہم کے تحت ڈاکٹر شمیم خاص
طورپران اداروں میں طبی کیمپ لگاتے ہیں، جہاں معذوربچوں کوتعلیم دی جا رہی
ہو۔ ڈاکٹرشمیم نے اپنی اس مہم کے دوران مظفرپورشہرکے ایک ایسے اسکول میں میڈیکل
کیمپ لگایا جہاں نابینا بچوں کوتعلیم دی جاتی ہے۔ ڈاکٹرشمیم کے مطابق
سرکاری سطح پرعام لوگوں کے لیے مفت طبی کیمپ لگائے جاتے ہیں لیکن ان کیمپوں
تک یہ معذوربچے نہیں پہنچ پاتے۔ اس لیے انہوں نے ان کے پاس آکران کی مفت
طبی جانچ کرنے اورانہیں مفت دوائیں دینے کا کام شروع کیا ہے۔